ٹھٹہ، (رپورٹ حمید چنڈ): ڈپٹی کمشنر غضنفر علی قادری کی خصوصی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ریاض حسین لغاری نے گورنمنٹ پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ مکلی کا اچانک دورہ کرکے تمام صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کالج کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورا کرکے تدریسی عمل کا جائزہ بھی لیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے انسٹیٹیوٹ میں بہتر تدریسی عمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کالج انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں جدید تقاضوں کے مطابق مزید بہتری لانے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور ٹیکنیکل دور ہے اس لئے ٹیکنیکل ایجوکیشن وقت کی اہم ضروت ہے، یہاں کے نوجونوں کو چاہیے کہ وہ زیادہ سے زیادہ ٹیکنیکل کے شعبہ میں تعلیم حاصل کریں تاکہ وہ نہ صرف اپنے صوبہ بلکہ ملک و قوم کا نام بھی روشن کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کے حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے تعلیم کے ساتھ ساتھ کسی ہنر کا حاصل کرنا بھی بہت ضروری ہے، جسے ہم ٹیکنیکل ایجوکیشن یافنی تعلیم کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن ممالک نے فنی تعلیم کو اپنی عمومی تعلیم کا حصہ بناکر اس پر توجہ دی وہاں معاشی ترقی کی رفتار زیادہ ہے۔ اس موقع پر پرنسپل پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ مکلی وسیم قادر میمن، ڈپٹی کمشنر ٹھٹہ کے پرائیویٹ سیکریٹری وقار میمن اور اساتذہ، طلبہ و طالبات اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔