ملتان(یواین پی) سرائیکی وسیب سمیت ملک بھر میں سرائیکی اجرک کا دن 6مارچ سوموار کوجوش و خروش سے منایا جائے گا۔اس سلسلے میں جہانیاں،ٹھٹھہ صادق آباد،رحیم شاہ،وہنی وال،خانیوال،ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔سیاسی و سماجی شخصیت کسان اتحاد کے مرکزی رہنما نظام اللہ خان پاندہ ایڈووکیٹ نے بتایا کہ سرائیکی وسیب میں کلچر کے فروغ کے لئے مختلف اوقات،میں مختلف پروگرامز ترتیب دیے جاتے ہیں سرائیکی اجر ک ڈے بھی وسیب کے کلچر کے فروغ کیلئے انہی پروگرام کا حصہ ہے جس میں سرائیکی وسیب میں بسنے والے افراد بھر پورشرکت کریں گے، اس پروگرام میں کسی بھی سیاسی جماعت کا جھنڈا نہیں ہو گا بلکہ خالصتاً سرائیکی اجر ک کے فروغ کے لئے پروگرام کیے جاتے ہیں، اس پروگرام میں سرائیکی جھومر اور سرائیکی اجرک کے علاوہ سرائیکی ریت پر گفتگو اور پروگرام ہوتے ہیں۔آج جوش و خروش سے منایا جارہا ہے۔ گہرے نیلے اور فیروزی رنگوں سے مزین سرائیکی اجرک سرائیکی ثقافت کی پہچان بن چکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ سرائیکی اجرک صدیوں پہلے کا قدیمی پہناوا ہے اس کا آئیڈیا سندھی اجرک سے لیا گیا۔نیلا رنگ سرائیکی خطے کی اکثر عمارتوں اور مزارات میں نظر آتا ہے اس لیے اسے روحانیت کا رنگ بھی کہا جاتا ہے اسی بنیاد پر سرائیکی اجرک کو ملتانی کاشی گری کے گہرے نیلے اور فیروزی رنگوں سے پرنٹ کروا کے متعارف کروایا گیا۔اجرک عربی زبان کے لفظ ازرک سے لیا گیا جس کے معنی نیلے رنگ کے ہیں اس لئے نیلے رنگ کی سرائیکی اجرک بھی خطے کی ثقافت میں ڈھل چکی ہے اور اس کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔