بھیرہ (یواین پی)پاکستان تحریک انصاف سے راہیں جدا کر کے واپس پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے ندیم افضل چن کے بھائی اور تحریک انصاف کے رکن اسمبلی وسیم چن نے بڑے بھائی کے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے، وسیم چن کی جانب سے جاری ویڈیو پیغام میں کہا گیا ہے کہ ندیم افضل چن کا پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ ان کا ذاتی فیصلہ ہے، اس فیصلے میں والد صاحب یا ہم بھائیوں کی تائید حاصل نہیں ہے،ا نھوں نے مزید کہا کہ افضل چن نے بہتر سمجھا کہ وہ پیپلز پارٹی کے ساتھ بہتر چل سکتے ہیں، انہوں نے اپنی سیاسی راہیں ہم سے جدا کر لیں، ہم اس فیصلے میں ان کے بالکل بھی ساتھ نہیں ہیں،وسیم چن نے کہا کہ ہمارے پاس تحریک انصاف کا مینڈیٹ ہے اور ہم اپنے مینڈیٹ کی پاسداری کریں گے، ہم تحریک انصاف کے ساتھ ہیں اور ہمیں عمران خان پر مکمل اعتماد ہے۔