لاہور(یواین پی) وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد آنے کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی ترین گروپ سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی جس میں ترین گروپ کی جانب سے کہا گیا کہ ذہنی طور پر حکومت سے علیحدگی کے لئے تیار ہیں، مائنس عثمان بزدار پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔لاہور میں ن لیگی رہنما حمزہ شہباز جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پہنچے جہاں پر ترین گروپ سے ان کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں ملک میں جاری سیاسی صورتحال اور مستقبل سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ترین گروپ نے مسلم لیگ ن سے ہاتھ ملا لیا۔ملاقات کی اندرونی کہانی کے مطابق ترین گروپ نے مطالبہ کیا کہ ہمیں آئندہ ٹکٹوں کی یقین دہانی کرائی جائے، ملاقات کی تفصیل سے جہانگیر ترین کو آگاہ کریں گے، وہ جو فیصلہ کریں گے ہمیں منظور ہو گا۔