کراچی(یواین پی)وزیراطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ اسد قیصر نے آئین پاکستان کی پاسداری کا حلف اٹھایا ہے، عمران خان نیازی کی وفاداری کا نہیں۔ایک بیان میں سعید غنی نے کہا کہ آئین اور رولز کے تحت اسپیکر 14روز میں اسمبلی اجلاس بلانے کا پابند ہے، عدم اعتماد پر 28مارچ تک ووٹنگ نا ہونا آئین کی سنگین خلاف ورزی ہوگی،انہوں نے کہا کہ اسپیکر 7روز میں عدم اعتماد کی تحریک پر ووٹنگ کرانے کا پابند ہے، آئین کی خلاف ورزی پر اسپیکر کے خلاف آرٹیکل 6کے تحت کارروائی ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی سرکار او آئی سی کانفرنس کی آڑ میں آئین کی خلاف ورزی سے باز رہے، عمران نیازی اسمبلی میں اکثریت کھونے کے بعد بھی وزیراعظم کے عہدے سے چمٹے ہوئے ہیں۔