فیصل آباد (یو این پی)چیئرمین فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ولید ارشد ڈوگر نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کی۔ایوان وزیر اعلیٰ میں ہونے والی ملاقات میں ایف ڈبلیو ایم سی کے امور، کارکردگی اور صفائی کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین ولید ارشد ڈوگر نے صوبہ پنجاب میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے متعددترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور مستقبل کے نئے پراجیکٹس کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ عثمان بزداراپنی زبردست قائدانہ صلاحیتوں اور قابلیت کو بروئے کار لا کر صوبہ پنجاب کے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے مثالی خدمات سرانجام د ے رہے ہیں جس کی بدولت صوبہ پنجاب میں ترقی اور خوشحالی نظر آتی ہے۔ عثمان بزدار نے صوبہ بھر میں ترقیاتی منصوبوں کی ریکارڈ مدت میں تکمیل یقینی بنا کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔چیئرمین ایف ڈبلیو ایم سی ولید ارشد ڈوگر نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو فیصل آباد میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اہم اقدامات بارے بھی آگاہ کیا۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ موثر مینجمنٹ کے ذریعے صفائی کے انتظامات کو خوب سے خوب تر بنایا جائے گا جبکہ صفائی کے لحاظ سے فیصل آبادکو مثالی اور بہترین شہر بنایا جائے گا۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ولید ارشد ڈوگر کو فیصل آباد میں صفائی کے نظام کی بہتری کیلئے اپنے بھرپور تعاون کی یقن دہانی کرائی اور انہیں زور و شور سے کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔