اسلام آباد(یواین پی )ملک کے نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عوام کی دعاؤں سے آج اللّٰہ نے پاکستان کو بچا لیا ہے، پاکستان کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی، آج حق کو فتح اور باطل کو شکست ہوئی۔وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج سیلیکٹڈ وزیراعظم کو ایوان نے آئین اور قانون کے ذریعے گھر کا راستہ دکھایا، ڈالر 190سے واپس 182 روپے پر آگیا ہے، سپریم کورٹ نے نظریہ ضرورت کو ہمیشہ کے لیے دفن کردیا، اب آئندہ کوئی نظریہ ضرورت کا سہارا نہیں لے سکے گا۔شہباز شریف نے کہا کہ ایک ہفتے سے ڈراما چل رہا تھا، جھوٹ پر جھوٹ بولا جا رہا تھا، کل بھی ڈپٹی اسپیکر نے خط لہرایا، میں نے آج تک وہ خط نہیں دیکھا، اس سے متعلق دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجانا چاہیے۔وزیر اعظم نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد 8 مارچ کو جمع کروائی گئی، ہماری میٹنگز اور فیصلے اس سے کئی دن پہلے ہوچکے تھے، قوم حقیقت جاننا چاہتی ہے۔ شہباز شریف کا مراسلہ قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی میں پیش کرنے کا اعلان شہباز شریف نے مراسلہ قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی میں پیش کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمان کی قومی سلامتی کمیٹی کو خط پر ان کیمرا بریفنگ دی جائے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اجلاس میں مسلح افواج کے سربراہان ،سفیر اور ارکان پارلیمنٹ موجود ہوں۔