فیصل آباد (یو این پی)اسسٹنٹ کمشنر صدر عمر مقبول نے رمضان بازاروں کا دورہ کیا اور سٹالز پر اشیائے ضروریہ کی دستیابی،معیار اور قیمتوں کو چیک کیا۔انہوں نے چھتری والی گراؤنڈ جناح کالونی اور دیگر بازاروں میں ایگری کلچر پرائس شاپس پر پھلوں وسبزیوں کی کوالٹی چیک کی اور ہدایت کی کہ سٹالز پرمعیاری اشیاء ہی فروخت کی جائیں۔انہوں نے آلو،پیاز،ٹماٹر،بیسن ودیگر اشیاء کے معیار کو بھی چیک کیا۔اسسٹنٹ کمشنر پھلوں،چینی،آٹا اورکریانہ کی اشیاء کے سٹالز پر بھی گئے اورفروخت کے عمل کا مشاہدہ کیا۔انہوں نے انچارجز سے کہا کہ اشیائے خورونوش کے سٹالز پر عام مارکیٹ اور رمضان بازاروں کی قیمتوں کا فرق واضح نظر آنا چاہیے۔انہوں نے خریداری کے لئے آئے ہوئے صارفین سے اشیاء کی دستیابی ومعیار اور قیمتوں بارے استفسارکیااور کہا کہ رمضان بازاروں میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھاری سبسڈی دی گئی ہے جس کے ثمرات عام صارفین تک پہنچانے کے لئے ضلعی انتظامیہ سرگرم عمل ہے۔