اسلام آباد (یواین پی) شوال کا چاند دیکھنے کا وقت قریب آ گیا، عید الفطر کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس یکم مئی کو طلب کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق شوال کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت یکم مئی کو اسلام آباد میں ہوگا، جس میں شوال کے چاند کی رویت سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔اجلاس میں وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، محکمہ موسمیات اور اسپارکو کے نمائندے بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ جبکہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس لاہور، پشاور، کراچی اور کوئٹہ میں منعقد کئے جائیں گے۔ دوسری جانب پاکستان میں رمضان المبارک کا آخری ہفتہ شروع ہونے کے بعد عید الفطر کی تیاریوں میں مزید تیزی آ گئی ہے۔ نئے چاند کی رویت اس وقت ہوتی ہے جب اس کی عمر غروب آفتاب کے وقت 19 گھنٹے سے زائد اور غروب شمس و غروب قمر کا درمیانی فرق 40 منٹ سے زائد ہوجائے۔چاند کا زمین سے زاویائی فاصلہ کم از کم 6 ڈگری اور چاند کا سورج سے زاویائی فاصلہ کم از کم 10 ڈگری ہونا چاہیے۔ خالد اعجاز مفتی کے مطابق شوال کا چاند 30 اپریل اور یکم مئی کی درمیانی رات پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق ایک بج کر 28 منٹ پر پیدا ہوگا، اس لیے اتوار یکم مئی کی شام غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 18 گھنٹوں سے کم ہوگی، اس اس روز چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے، پاکستان میں یکم مئی کو شوال کا چاند دوربین کی مدد سے بھی دکھائی نہیں دے سکتا۔ جبکہ اگلے روز یعنی 2 مئی بروز منگل کی شام غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 41 گھنٹوں سے بھی زائد ہوچکی ہوگی، اس لیے اس شام شوال کا چاند باآسانی نظر آ جائے گا۔