اسلام آباد (یواین پی) رواں سال مہنگا ترین حج ہونے کا امکان، فی حاجی اخراجات 10 لاکھ روپے تک ہونے کا عندیہ دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرمذہبی امور مفتی عبدالشکور کی جانب سے رواں سال کے حج اخراجات سے متعلق تفصیل بتائی گئی ہے۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر مذہبی امور کا کہنا ہے کہ رواں سال حج اخراجات سماجی فاصلوں کی وجہ سے بڑھ جائیں گے۔حج اخراجات بہت زیادہ ہو سکتے ہیں، فی حاجی 7 سے 10 لاکھ روپے اخراجات ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ حج درخواستیں یکم تا 13 مئی تک جمع کروائی جاسکیں گی ، درخواست کے ساتھ ٹوکن کے طو رپر50 ہزار روپے وصول کیے جائیں گے ، اس حوالے سے وزارت مذہبی امور سعودی وزارت حج سے رابطے میں ہے۔ خیال رہے کہ سعودی عرب نے چند روز قبل 2022ء کے لیے حج کوٹہ جاری کر دیا ہے ، رواں برس پاکستان سے 81 ہزار 132 افراد حج کی سعادت حاصل کرسکیں گے جب کہ مجموعی طور پر رواں سال 10 لاکھ ملکی اور غیر ملکی افراد حج کی سعادت حاصل کریں گے ۔