راولپنڈی (یو این پی) سابق گورنر پنجاب اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سردار لطیف خان کھوسہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی11مئی احتجاج کی کال ملک اور جمہوریت میں انتشار پھیلانے کے علاوہ کچھ نہیں ہے‘ آل پارٹیز کانفرنس کی روشنی میں طالبان سے مذاکراتی معنی خیز بنانے کے لیے ہر ممکن کو شش کی جائے، پیپلز پارٹی جمہوریت کے تسلسل کے لیے جمہوری قوتوں کے ساتھ کھڑی رہے گی ‘کسی غیر جمہوری قوت کے ہاتھ مضبوط نہیں کریں گے ۔‘ آصف علی زرداری کی وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے ملاقات بھی جمہوریت کے تسلسل کی کڑی ہے ۔سردار محمد لطیف خان کھوسہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ابھی تک پختہ سیاست دان نہیں بنے ‘ وہ کبھی پاکستان میں طالبان کا دفتر کھولنے کی بات کرتے ہیں تو کبھی نیٹو سپلائی کو روکنے کے لیے دھرنے دیتے ہیں ‘اگر عمران خان نے دھرنے اور احتجاج کی سیاست ہی کرنی تھی تو ایک سال کس چیز کے انتظار میں تھے ‘عمران خان کو مستقل مزاجی سے سیاست کرنا ہوگی ‘ اسطرح کی اجتجا ج کی کالیں ملک میں ا نتشار پھیلانے کے علاوہ کچھ نہیں ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی حامد میر حملے کی شدید مذمت کرتی ہے لیکن اس معاملے پر اس کے ادارہ کے کردار کو بھی اچھی نگاہ سے نہیں دیکھتے کیونکہ ملک کے دفاعی ادارے نہیں بلکہ ریاست پر الزام لگایا گیا ہے ۔