اسلام آباد(یواین پی)چیئرمین سینیٹ محمد صاد ق سنجرانی نے کہا ہے کہ قومی ترقی کی عظیم جدوجہد میں ہمارے جواں ہمت محنت کشوں کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے،پاکستان ان تمام سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہے جن میں مزدوروں کے حقوق کی فراہمی و تحفظ ریاست کا آئین فراہم کرتا ہے۔محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں یکم مئی محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے اور پاکستان میں بھی محنت کشوں کے حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جاتی ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہنر مند اور غیر ہنر مند مزدورں کی کم سے کم معاوضے میں اضافہ کر کے محنت کشوں کے مسائل کومزید کم کیا جا سکتا ہے،حکومت وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کیلئے نہ صرف اندرون ملک کام کرنے والے محنت کشوں بلکہ تارکین وطن کے مسائل کے حل اور بہبود کیلئے متعدد اقدام اٹھا رہی ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یکم مئی مزدوروں کے ساتھ یکجہتی کا دن ہے، یہ دن ہمیں ان مواقع کو تسلیم کرنے اور خراج تحسین پیش کرنے کا ایک موقع فراہم کرتا ہے جو محنت کشوں نے اپنے اپنے ممالک کی ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لئے کئے ہیں،کورونا وائرس کی وبا اوراقوام عالم کے موجودہ حالات کے تناظر میں یہ دن مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے، پاکستان کی متحرک افرادی قوت ہماری ترقی کی اصل رفتار ہے، حکومت کا تیز، جامع اور پائیدار ترقی کا ہدف صرف ہماری محنتی، سرشار اور پرعزم افرادی قوت کی بدولت ہی حاصل ہوسکتا ہے