وزیراعظم شہبازشریف کا عیدالفطر کے موقع پر قوم کے نام اہم پیغام

Published on May 3, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 103)      No Comments

اسلام آباد (یواین پی) وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان سمیت پوری امت مسلمہ کو عیدالفطر کی مبارک دیتے ہوئے ان کیلئے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا ہے۔ عید پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہاکہ رمضان المبارک کی بابرکت سعادتوں اور رحمتوں سے بھرپور ساعتوں کے بعد اللہ تعالی نے عید کا انعام عطا فرمایا ہے جو رب کریم کی بے پناہ عنایات کا مظہر ہے، صبر، ایثار اور قربانی کے اس ماہ مقدس نے ہمیں دوسروں کی تکالیف کا جو احساس عطا کیا ہے، اس کا تقاضا ہے کہ عید الفطر کی خوشیاں مناتے ہوئے ہم اپنے ارد گرد تمام نادار ومفلس اور ضرورت مند افراد اور خاندانوں کا خاص خیال رکھیں۔انہوں نے کہاکہ یہ ہی اس دن کی حقیقی روح اور نبی رحمت کی سنت اطہر کا پیغام ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت قوم کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے مکمل نجات دلانے کے لئے پرعزم ہے اور بھرپور کوششیں کررہی ہے۔ عید الفطرکے تین روز لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ اہل وطن عید کی خوشیاں بھرپور انداز میں مناسکیں۔ انہوں نے کہاکہ عید الفطرکی خوشیوں اور پہلے سے مہنگائی سے پسی ہوئی عوام کی تکالیف کو مدنظر رکھتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیاگیا۔انہوں نے کہاکہ میرا اپنی قوم سے وعدہ ہے کہ ہمارا ہر دن، ہر پًل اور ہر صلاحیت آپ کی زندگیوں میں آسانی لانے کے لئے صرف ہوگی،ہر آنے والے دن کے ساتھ آپ محسوس کریں گے کہ آپ کی حکومت کی محنت کے نتیجے میں آپ کی مشکلات میں کمی آرہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ خوشیوں کے اس دن ہم اپنے فلسطین اور مقبوضہ جموں وکشمیر کے محکوم مسلمان بھائیوں اور بہنوں کو بھی یاد کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالی انہیں ظلم وجبر واستبداد سے نجات دلائے اور آزادی کی نعمت سے سرفراز فرمائے۔ ہم اپنے افغان عوام کے لئے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے افغانستان میں پائیدار امن، ترقی اور خوش حالی کے لئے دعا گو ہیں۔

Readers Comments (0)




Weboy

Premium WordPress Themes