مظفر آباد (یواین پی)صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بیرون ملک آباد کشمیری مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھانے کے لئے اپنا اہم کردار ادا کریں بالخصوص امریکہ میں مقیم کشمیری اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں نبھائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں ایوان صدر مظفرآباد میں کشمیر انٹرنیشنل فورم امریکہ کے اہم رہنما نعیم بٹ سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ میں نے او آئی سی کے ہیڈ کوارٹر کے دورہ کے موقع پر او آئی سی کے انسانی حقوق کمیشن کے مستقل مندوب ایمبیسڈر عبدالوہاب سے بھی ملاقات کر کے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے بارے میں انہیں بریفنگ دی تھی جبکہ آج او آئی سی کے انسانی حقوق کمیشن نے ایک بار پھر مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی پر بھارت کی مذمت کی ہے او رکشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا حق خودارادیت دینے پر زور دیا ہے۔ لہذا دنیا بھر بالخصوص امریکہ میں مقیم کشمیری مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم وبربریت بند کرانے کے لئے اپنی آواز انٹرنیشنل فورمز پر اٹھائیں۔