لاہور(یو این پی)نماز وہ تحفہ ہے جو نبی کریم کو معراج شریف کے موقع پر اللہ کریم کی طرف سے عطا ہوا اورپھر ا±مت کو بھی نصیب ہوا۔ اگر نماز کو شرفِ قبولیت نصیب ہو تو بندہ برائی او ر بے حیائی سے رک جاتاہے۔ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز ماہانہ گیارہویں و بارہویں شریف کی محفل پاک سے گفتگو کرتے ہوئےمعروف روحانی مبلغ،اتحاد بین المسلمین کے داعی اور دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ممتاز شخصیت قاری عتیق الرحمان نے صاحبزادہ نقیب الرحمان اور حافظ عدیل احمدکے ہمراہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اگر نماز کی ادائیگی بھی ہو رہی ہے اور ساتھ کردار میں برائی اور بے حیائی بھی ہے تو ادائیگی میں کہیں کمزوری رہ گئی ہے۔وضو سے لے کر نیت اور پھر ادائیگی تک جس میں قیام،رکوع اور سجود شامل ہیں دیکھنے کی ضرورت ہے کہ کہاں مجھ سے کمی رہ گئی اسے دور کریں تا کہ ہم بھی وہ نتیجہ حاصل کریں جو قرآن کریم میں ارشاد فرمایا گیا کہ نماز برائی اور بے حیائی سے روک دیتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نماز بندہ مومن کی معراج ہے لیکن اس کے لیے نماز میں خشوع و خضوع کا ہونا پھر نماز میں خودکو اللہ کے روبرو محسوس کرنا قرب الہی کی وہ کیفیت عطا فرماتا ہے کہ جس کے اثرات بندہ کو برائی اور بے حیائی سے روک دیتے ہیں نماز معاشرے میں رہنا سکھاتی ہے باجماعت نماز کی فضیلت بھی زیادہ ہے اور باہم رنجشیں بھی ختم ہوتی ہیں ایک دوسرے کے حالات سے آگاہی ملتی ہے نماز کی ادائیگی ہر پہلو سے انسان کی ضرورت ہے جسے اللہ کریم نے اپنی رضا کا بھی سبب بنا دیا۔بندگی ہماری ضرورت ہے اللہ کریم اس پر اجر بھی عطا فرماتے ہیں۔ اور اللہ کے حکم کو پہلی ترجیح پر لے آئیں اور باقی تمام معاملات ثانوی درجہ پر چلے جائیں۔