کراچی(یواین پی)وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان مجھے کیوں نہیں بچایا کی تحریک چلا رہا ہے اور کوشش کررہا ہے کہ اسے غیر آئینی اقدام سے بچالیا جائے۔کراچی میں ایئرپورٹ کے اولڈ ٹرمینل پر پی پی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے غیرجمہوری لوگوں کے خلاف تحریک چلا کر کامیابی حاصل کی، مشرف کے بعد اب عمران خان کے خلاف تحریک کو جیالوں نے کامیاب بنایا، جس پر وہ مبارک باد کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان عدلیہ اور اداروں پر حملے کر رہا ہے، عمران خان مجھے کیوں نہیں بچایا کی تحریک چلا رہا ہے اور آئینی و قانونی دائرے میں رہنے کے بجائے جمہوریت پر حملے کر رہا ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک میں زراعت، پانی اور معیشت کا بحران ہے، جس کی وجہ عمران خان ہے، پیپلزپارٹی روزِ اول سے پاکستان میں پانی کی سیاست کے خلاف ہے کیونکہ یہ کسی جماعت کا نہیں بلکہ سارے صوبوں کا مسئلہ ہے۔