اوکاڑہ(یو این پی) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق20 مئی سے صوبہ پنجاب میں دھان کی پنیری کی کاشت کا آغاز ہو چکا ہے۔ کاشتکار دھان کی زیادہ پیداوار کے لئے منظور شدہ اقسام کا بیج اورفی ایکڑ زیادہ پیداوار کے لئے ترقی دادہ اقسام کاشت کریں۔دھان کی منظور شدہ موٹی اقسام کے ایس282، نیاب اری9،اری6،کے ایس کے133،کے ایس کے434،نبجی جی ایس آر6،نبجی 5اور نیاب 2013 کی کاشت کیلئے موزوں وقت20 مئی تا7 جون ہے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ دھان کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ پر عملدرآمد جاری ہے جس کے تحت پنجاب کے 15اضلاع اوکاڑہ,گوجرانوالہ، شیخوپورہ، سیالکوٹ،ننکانہ صاحب، بہاولنگر،جھنگ،نارووال، قصور، چنیوٹ، گجرات، لاہور، حافظ آباد، فیصل آباد اور منڈی بہاؤالدین میں دھان کی منتخب اقسام کے بیج پر رجسٹرڈ کاشتکاروں کو سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔یہ سبسڈی منتخب باسمتی اقسام سپر باسمتی،باسمتی 515،پی کے 1121 (ایرومیٹک)،کسان باسمتی،سپر باسمتی 2019 اور سپرگولڈ جبکہ غیر باسمتی اقسام کے ایس کے 133،پی کے 386، نیاب اری۔9،کے ایس 282- اور اری 6-پر دی جارہی ہے۔دھان کی منظور دہ اقسام میں باسمتی اقسام پر 1200روپے فی تھیلہ اور غیر باسمتی اقسام پر 800روپے فی تھیلہ سبسڈی دی جارہی ہے۔یہ سبسڈی تھیلوں میں موجود واؤچر کے ذریعے صرف رجسٹرڈ کسانوں کو فراہم کی جائے گی۔غیر رجسٹرڈ کاشتکار رجسٹریشن کے لیے محکمہ زراعت (توسیع)کے مقامی دفاتر سے رابطہ کریں۔ دھان کے کاشتکار سبسڈی حاصل کرنے کے لیے واؤچر والا تھیلا اپنے قریبی ڈیلر سے طلب کریں۔دھان کے کاشتکار منظور شدہ ہائبرڈ اقسام کے بیج کاا نتظام کریں اورغیر منظور شدہ و ممنوعہ اقسام ہر گز کاشت نہ کریں کیونکہ اُس کے چاول کا معیار ناقص ہونے کی وجہ سے عالمی منڈی میں چاول کی قیمت کم وصول ہوتی ہے۔