فیصل آباد (یو این پی)اسسٹنٹ کمشنر سٹی صاحبزادہ محمد یوسف نے انسدادپولیوکی جاری مہم پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لئے خانہ بدوشوں کی بستیوں،مختلف علاقوں کی گلی محلوں اور ٹرانسپورٹ سٹینڈزکا دورہ کیا اور پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کوپولیوسے بچاؤ کی حفاظتی قطرے پلانے کے عمل اور ریکارڈ چیک کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے مختلف بسوں اور ویگنوں کے اندر جاکر بچوں کے انگلیوں پر نشانات چیک کئے اور ٹرانسپورٹرزکو تاکید کی کہ کوئی بس/ویگن پولیوٹیموں کی کلیئرنس کے بغیر سٹینڈ سے روانہ نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے سٹینڈ میں پولیوٹیموں کی موجودگی بھی چیک کی اور کہا کہ مہم کے اختتام تک مانیٹرنگ کا عمل جاری رہے گا۔انہوں نے خانہ بدوشوں کے علاقوں میں جاکر بچوں کو قطرے پلانے کی تصدیق اوران کی انگلیوں پر نشانات بھی چیک کئے اور والدین کے ہمراہ موجود بعض بچوں کو خود بھی قطرے پلائے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کوپولیوجیسے موذی مرض سے بچانے کے لئے انہیں دو قطرے لازمی پلائیں۔