حریت رہنما یاسین ملک کو بھارتی عدالت سے سزا، تحریک آزادی کو دبانے کی بھونڈی کوشش ہے
تلونڈی بھنڈراں (یو این پی)بھارتی عدالت کی جانب سے حریت رہنما یاسین ملک کو سزا دینے کا اقدام تحریک آزادی کو دبانے کی بھونڈی کوشش ہے،عالمی اداروں کو بھارت پر دباؤ ڈالنا چاہئے۔ان خیالات کا اظہارر معروف شاعر، ادیب، کالم نگار، صحافی محمد زاہد صدیقی نے اپنے بیان میں کیا۔انہوں نے کہاکہ آزادی کی تحریک کو کچلنے کیلئے بھارتی فوج اور پولیس پہلے ہی اوچھی حرکتیں کر رہی تھیں۔ اب بھارتی عدالتوں نے بھی مذموم حرکتیں شروع کر دی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کئی برس سے قیدو بند کی صعوبتیں برداشت کرنیوالی حریت قیادت ان ہتھکنڈوں سے دباؤ میں نہیں آئیگی۔کشمیر کی آزادی کا سورج طلوع ہو کر رہنا ہے ایسے اقدامات سے اسے روکا نہیں جا سکتا۔ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر حال میں جاری رکھے گا۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کی آزادی کے بغیر تکمیل پاکستان کا ایجنڈا نامکمل ہے کیونکہ قائد اعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا ہے اور شہ رگ کے بغیر جسم نامکمل ہوتا ہے وہ دن زیادہ دور نہیں جب کشمیر عوام کو حق رائے دہی ملے گا اور کشمیر پاکستان میں شامل ہوگا۔