اسلام آباد(یواین پی) یکم جولائی سے پیٹرول کے بعد گیس کی قیمت میں بھی بڑے اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ وزارت توانائی کے ایک سینئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کو بحال کرنے کی کوشش میں اس بار حکومت کے پاس سسٹم گیس ٹیرف میں 40 سے 50 فیصد تک اضافے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں بچا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گیس ٹیرف میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2022 سے ہوگا، اب سے آئی ایم ایف کی ہدایات کے مطابق ترمیم شدہ اوگرا قانون گیس ٹیرف اور ان پر عمل در آمد کرے گا۔رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف نے حکومت سے کہا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آئندہ سال بجٹ سے دونوں گیس کمپنیوں کو ٹریف میں جمود کی وجہ سے مزید نقصان نہ ہو اور اوگرا کے ترمیم شدہ قانون کو صحیح معنوں میں لاگو کیا جائے۔وزارت خزانہ کے عہدیدرا کا کہنا تھا کہ اب تک دونوں سوئی گیس کمپنیوں سدرن اور ناردرن کو گذشتہ برسوں میں جمع ہونے والے 550 ارب کے بھاری نقصان کا سامنا ہے۔