فیصل آباد (یو این پی)ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے زیر اہتمام انسداد تمباکو نوشی کے عالمی دن کے موقع پرآگاہی واک منعقد ہوئی جو ڈی ایچ او آفس سے شروع ہوکر مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی واپس آفس پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ڈسٹرکٹ پروگرام کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ذوالقرنین،ڈی ایچ او ڈاکٹر صدیق،ہیلتھ ایجوکیشن آفیسر شفیق احمدآصف نے واک کی قیادت کی۔مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی واک میں شریک تھے جنہوں نے تمباکو نوشی کے صحت پر ہونے والے مضر اثرات پر مشتمل بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ڈسٹرکٹ پروگرام کوآرڈینیٹر نے کہا کہ”تمباکو سے پاک شہر“ بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام میں تمباکو کے استعمال سے لاحق خطرات پر آگاہی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے کی انفرادی اور اجتماعی بالخصوص نسل نو کی اصلاح میں علماءکا کردار انتہائی کلیدی ہے اور علماءتمباکو نوشی کے نقصانات،انسداد، تدارک اور قوانین سے آگاہی ہمارے نوجوانوں میں مثبت اور صحت مند تبدیلی لانے میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔دیگر مقررین نے بھی تمباکو نوشی کے نقصانات سے آگاہ کیا۔