اسلام آباد (یواین پی)وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین تحریک انصاف کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران نیازی ملک کے خلاف کھلی دھمکیاں دے رہا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے ٹویٹر پر بیان میں کہا کہ عمران نیازی ملک کے خلاف کھلی دھمکیاں دے رہا ہے، اگر کسی کو ثبوت کی ضرورت تھی کہ نیازی حکومتی عہدے کے لیے نااہل ہیں تو ان کا تازہ انٹرویو کافی ہے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ سیاست کریں لیکن اس میں حد پارکرتے ہوئے پاکستان کو تقسیم کرنے کی بات کرنے کی جرات نہ کریں۔وزیراعظم نے کہا کہ یہ کیا مائنڈ سیٹ ہے کہ مجھے وزیراعظم بنا ورنہ میں جنگ کروں گا؟ یہ بیان نہیں بلکہ ملک میں انارکی اور تقسیم کی آگ بھڑکانے کی سازش ہے۔قوم کسی بھی قیمت پر ایسے مذموم ارادوں کو قبول کرے گی اور نہ ہی ہونے دے گی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے وہ بات کہی جو پاکستان کے دشمن کرتے ہیں۔ اقتدار جانے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ پاکستان اوراس کے اتحاد اور اداروں کے خلاف اعلان جنگ کر دیں۔