اسلام آباد(یواین پی) محکمہ موسمیات نے بدھ شام سے گرج چمک کے ساتھ پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔محکمہ موسمیات کے مطابق 15 جون سے بحیرہ عرب سے نم ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، جہلم میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔اس حوالے سے محکمہ موسمیات کی جانب سے پیشگوئی کی گئی کہ 15 جون سے ملک بھر میں موسلا دھار بارشیں ہوں گی، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف حصوں میں بارش برسے گی، چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، کوہستان، مانسہرہ، کوہاٹ میں بارش متوقع ہے جبکہ بلوچستان کے مختلف حصوں میں بارش کا امکان ہے۔