فیصل آباد (یو این پی)زرعی یونیورسٹی فیصل آبادکے سینٹر فار ایگری کلچر بائیو کیمسٹری اینڈ بائیو ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام دو روزہ بین الاقوامی ٹریننگ ورکشاپ برائے بائیوٹیکنالوجی ، بائیو انفارمیٹکس کا انعقاد کیا گیا۔ افتتاحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ عالمی سطح پر رونماہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں اور گلوبل وارمنگ کے تناظر میں زرعی سائنسدانوں کا گرمی کی قوت مدافعت رکھنے والی ورائٹیز متعارف کروانا ہونگی جس کیلئے بائیو ٹیکنالوجی اور جدید زرعی ٹیکنیک کو اپنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی ملک ہونے کے باوجود پچھلے سال اربوں روپے کی زرعی اجناس درآمد کرنا پڑی جوایک زرعی ملک کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ ڈین زراعت ڈاکٹر محمد سرور خاں نے کہا کہ بین الشعبہ جاتی حکمت عملی کو پروان چڑھاتے ہوئے زرعی چیلنجز سے نبرد آزما ہوا جاسکتا ہے اور یہ ورکشاپ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے زرعی ماہرین پر زور دیا کہ وہ زراعت میں جدت کو فروغ دینے کیلئے بھرپور کاوشیں عمل میں لائیں تاکہ فوڈ سیکورٹی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ غربت کے خاتمے کو بھی ممکن بنایا جاسکے۔ ڈین سائنسز ڈاکٹر اصغر باجوہ نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ بنیادی اور عملی سائنس کے امتزاج سے بائیو ٹیکنالوجی کے شعبے میں انقلاب لانے کیلئے مربوط کاوشیں بروئے کار لانے پر توجہ دی جائے تاکہ بین الاقوامی معیارات کے مطابق زرعی شعبے کو ترقی دی جاسکے۔ اس موقع پر ڈاکٹر امریندر سنگھ، ڈاکٹر سعد سرفراز و دیگر نے بھی خطاب کیا۔