تاجر تنظیموں کا تعاون اور معاونت صورت حال کی بہتری کی جانب ایک اہم قدم ہے
اوکاڑہ(یواین پی) ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ نے کہا ہے ضلع میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں استحکام ،طلب و رسد کی صورت حال اور پرائس مجسٹر یٹس کے ذخیرہ اندوزوں اور گرانفروشوں کے خلاف اقدامات میں تاجر تنظیموں کا تعاون اور معاونت صورت حال کی بہتری کی جانب ایک اہم قدم ہے ہمیں عام صارف کی مشکلات کا اندازہ ہے اور ہم ان کو کم کرنے کے لئے تمام اقدامات کریں ان خیالات کا اظہار انہوں نے روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدار ت کرتے ہوئے کیا اجلا س میں اسسٹنٹ کمشنر اوکاڑہ ملک راشد نعمت کھوکھر ،اسسٹنٹ کمشنر رینالہ خورد قمر سعید منج،اسسٹنٹ کمشنر دیپالپور ملک محمد افضل، ڈسٹرکٹ آفیسر آئی پی ڈبلیو ایم خالد جاوید بھٹی ، صدر ا نجمن تاجران شیخ ریاض انور ،صدر غلہ منڈی چوہدری حبیب الحق ،صدر کریانہ ایسو سی ایشن شیخ خرم ، سماجی رہنما قمر عباس مغل ،عبد الوحید بھلر سمیت دیگر تاجر تنظیموں کے نمائندو ں،اور تمام متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر آئی پی ڈبلیو ایم خالد جاوید بھٹی نے ضلع میں اشیائے ضروریہ کے سٹاک دوسرے اضلاع سے دالوں سمیت پھلوں و سبزیوں اور کریانہ کی اشیاءکی فراہمی ،قیمتوں میں استحکام کے لئے اقدامات اور پرائس مجسٹریٹس کی کار کردگی سے متعلق بریفنگ دی ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ نے کہا کہ انتظامی افسران کی کاوشوں اور تاجروں کے تعاون سے صورت حال بتدریج بہتر ہوتی جا رہی ہے قیمتوں میں استحکام اور مقررہ نرخوں پر عوام کو اشیائے ضروریہ کی دستیابی کے لئے کاوشیں جاری رکھی جائیں گی ۔