اسلام آباد(یواین پی) وزیراعظم شہباز شریف نے افغانستان کے قائمقام وزیراعظم ملا حسن اخوند سے ٹیلیفونک رابطے کے دوران کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں افغان عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔وزیر اعظم کا افغانستان کے قائم مقام وزیراعظم سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، اس موقع پر شہباز شریف نے 22 جون کو افغانستان میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور نقصان پر حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے۔