ٹھٹھہ (رپورٹ حمید چنڈ) صوبائی وزیر صحت و بہبودآبادی محترمہ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کی ہدایات پر سندھ بھر کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گورنمنٹ ڈسپنسریوں سمیت ضلع کونسل کی ڈسپنسریوں میں عوام کے لیے بنیادی صحت کی سہولیات سمیت امراض نسواں کے علاج کو بہتر بنائیں۔ سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے ہنگامی بنیادوں پر وسائل کی کمی کو پورا کرنے کے لیے فوری منصوبہ بندی کی جائے جبکہ بنیادی صحت کی سہولیات اور انفراسٹرکچر کی بحالی سمیت کمیونٹی میڈ واٸف اور ہیلتھ ورکر کو درکار سہولیات کے لیے بھی فوری منصوبہ بندی کی جائے۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس ٹھٹھہ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر مشتاق احمد میمن اور تعلقہ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر خالد نواز قریشی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے ڈسپنسریوں کو مزید جدید طریقے سے بہتر بنانے پر رائے طلب کی گئی۔ دریں اثناء مون سون کی متوقع بارشوں کے دوران ہنگامی بنیادوں پر عمل درآمد اور کمیونٹی ہیلتھ آگاہی پر بھی زور دیا گیا، جس میں ابلا ہوا پانی پینے سے متعلق احتیاطی تدابیر، سانپوں اور دیگر زہریلے اجناس اور مادوں سے تحفظ اور فوری اطلاع دینا شامل ہے۔