فیصل آباد (یو این پی)ڈپٹی کمشنر لیفٹیننٹ (ر)سہیل اشرف نے ڈسٹرکٹ پولیوایریڈیکیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی اورمقررہ اہداف اور حاصل کئے گئے ٹارگٹس کا جائزہ لیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر قیصر عباس رند،اسسٹنٹ کمشنرز صاحبزادہ محمد یوسف،محمد عمر مقبول،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سلیمان زاہداور دیگر افسران کے علاوہ عالمی ادارہ صحت کے نمائندگان بھی موجودتھے۔ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو انسداد پولیوکی جاری مہم کی دوہری مانیٹرنگ کی ہدایت کی اور کہا کہ اہداف کے حصول کے لئے جذبہ کے تحت فرائض انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ اچھی کارکردگی کے حامل ورکرز کی حوصلہ افزائی بھی کریں گے۔انہوں نے عالمی ادارہ صحت کی نشاندہی پر ہیلتھ اتھارٹی کے افسران کو فوری اصلاح کی تاکیدکی۔دریں اثناءڈپٹی کمشنر نے مارکیٹس کی بندش اور کورونا ویکسینیشن مہم بارے اہم اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں تاجر تنظیموں کے عہدیدار شریک تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تاجرحضرات حکومتی نوٹیفیکیشن کے مطابق رات 9 بجے دکانیں بند کریں۔انہوں نے بتایا کہ کمرشل ایریاز کو فیسکو نے شام4:30بجے سے رات9:30تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے مستشنی قرار دے دیا ہے لہذاتاجرحضرات تعاون کریں تاکہ کسی بھی ایکشن کی نوبت نہ آئے۔اجلاس میں کورونا وباءکی صورتحال پر بھی غورکیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ کورونا کے کیسز آنے شروع ہورہے ہیں،بازاروں میں ایس اوپیز پر عملدرآمد شروع کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ کوروناویکسینیشن اہداف ہر صورت مکمل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دفاتر میں افسران وملازمین فیس ماسک پہن کر آئیں اورشہریوں کو باہر ہجوم والی جگہوں پر فیس ماسک پہننے کے لئے آگاہی دی جائے۔