اہل بورے والا عیدالاضحی کے موقع پرقربانی کے گوشت میں غربا اور مستحق لوگوں کو بھی ضرور یاد رکھیں
بورے والا(یواین پی) چیف ایڈیٹر یونی ویژن نیوز پاکستان ڈاکٹر بی اے خرم نے اہل اسلام کو عید الاضحی کی خوشیوں کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عیدپرقربانی رسم نہیں بلکہ افضل عبادت ہے اہل بوریوالا عیدالاضحی کے موقع پرقربانی کے گوشت میں غربا اور مستحق لوگوں کو بھی ضرور یاد رکھیں۔ اللہ کے حضور قربانی کرنے کا یہ طریقہ ہزاروں سال پہلے حضرت ابراہیم ؑ کی عظیم قربانی کی یاد کو تازہ رکھتا ہے اور یہ ایک افضل عبادت ہے۔اللہ تعالیٰ کا یہ ارشاد بھی واضح ہے کہ ”ہم نے ہر امت کے لئے قربانی کے عمل کو عبادت بنایا”۔ اللہ پاک قربانی کے ذریعے اپنے بندوں میں جذبہ ایثار و قربانی دیکھنا چاہتا ہے۔عیدالاضحی کے دن قربانی کا مقصد سنتِ ابراہیمی ؑ کی یاد تازہ کرنا ہے اور یہ ایک ایسی عبادت ہے جو ہمیں ایثارو قربانی اوررب کے راستے میں سب کچھ قربان کرنے کا جذبہ عطا کرتی ہے۔مزید کہا کہ عیدِ قرباں پوری انسانیت کے لئے ایک ایسی مثال ہے جس طرح کی انسانی تاریخ میں کوئی بڑی مثال نہیں ہے۔یہ پوری انسانیت کے لئے مشعلِ راہ بھی ہے اور ہدایت کا سرچشمہ بھی۔عید الاضحی کا درس بالکل واضح ہے کہ اپنے رب کی رضا کیلئے اپنی محبوب ترین، اشیا ء جان و مال حتیٰ کہ اولاد کو بھی قربان کرنا پڑے تو اس سے گریز نہ کیا جائے۔