فیصل آباد (یو این پی)محکمہ صحت نے موسم برسات کے دوران ملیریا، اسہال، پیٹ کے امراض کے پھیلاؤکے خطرہ کے پیش نظر عوام الناس کو حفاظتی تدابیر پر عملدر آمد کی ہدایت کی ہے اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض سے بچاؤکیلئے پانی کو ابال کر استعمال کرنے سمیت پانی شفاف کرنے کی خصوصی گولیاں استعمال کرنے، خوراک کو مکھیوں اور گرد و غبار سے ڈھانپ کر رکھنے اور تازہ پکا ہوا کھانا استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔محکمہ صحت پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر فیصل آباد کے کوآرڈینیٹر وبائی و متعدی امراض ڈاکٹر ذوالقرنین نے کہا کہ کھانا کھانے، پکانے اور طہارت کے بعد ہاتھ صابن سے اچھی طرح دھوئے جائیں۔ انہوں نے رات کو مچھر بھگا نے کیلئے میٹ لگانے اور دستوں یا اسہال کے دوران او آر ایس ملا پانی استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں اور سیلابی پانی میں نہانے سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی شخص کو سانپ ڈس لے تو سانپ کے کاٹے کی جگہ پر سے دو تین انچ اوپر اور نیچے والی جگہوں کو باندھ دیا جائے اور مریض کو جلد از جلد ہسپتال پہنچایا جائے۔