فیصل آباد (یو این پی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ17جولائی کو قوم لوٹوں کا بلے کے ساتھ پھینٹا لگتا دیکھے گی، ان کو خبر مل گئی ہے کہ پی ٹی آئی 20 حلقوں میں جیت رہی ہے، انہوں نے دھاندلی کے سارے ریکارڈ توڑدینے ہیں، نوجوانوں نے ہر پولنگ اسٹیشن پر پہرہ دینا ہے۔انہوں نے فیصل آباد چک جھمرہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف حکومت آتے ہی انہوں نے نیب قانون میں ترمیم کی، یہ عوام کا پیسا تھا جس پر آکر ڈاکہ مارا، پہلے جنرل مشرف کے دور میں این آراو لیا، اب پھر این آراو لیا اور کیسز معاف کرا کے 11سو ارب کا ڈاکہ مارا ہے، میں سپریم کورٹ میں گیا ہوں، کیس لگ رہا ہے، وعدہ کرتا ہوں آخری گیند تک مقابلہ کروں گا،کسی صورت11سو ارب ہضم نہیں ہونے دوں گا، جلسے سے شرکاءکو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب میری ٹیم ہیں، میں کپتان ہوں، آپ کے کپتان کو مقابلہ کرنا آتا ہے، امریکا کو سازش کرنے کی کیا ضرورت پڑی تھی؟ کیا امریکا ہمارا خیرخواہ ہے اور وہ ہماری بہتری چاہتا ہے؟ امریکا پاکستان میں ایسے حکمران چاہتا ہے کہ وہ حکم کرے تو یہ گھٹنوں میں بیٹھ جائیں، اگر امریکا کہے گا ہماری جنگ میں شرکت کرو، پہلے بھی پاکستان نے امریکا کی جنگ میں شرکت کی اور 80ہزار پاکستانی مارے گئے، آج بھی ہمارے فوجی پاک افغان سرحد پر قربانیاں دے رہے ہیں، جب یہ دونوں اقتدار میں آئے تو عوام سمجھے یہ جمہوری ہیں، وہ فوجی ڈکٹیٹر تھا، لیکن ان کے دور میں امریکا نے 400ڈرون حملے کیئے، امریکا سمیت ہم کسی سے دشمنی نہیں چاہتے لیکن ہم کسی کی غلامی بھی نہیں کرنا چاہتے۔انہوں نے کہا کہ 17جولائی کو قوم لوٹوں کو دیکھیں گے،لوٹوں کو بلے سے پھینٹا لگتا دیکھیں گے،امریکا ان چوروں کو اس لیے لے کر آیا کہ یہ پاکستان کو ٹشو پیپر کی طرح استعمال ہونے دیں گے، ان کو پتا تھا عمران خان کسی صورت اپنی قوم کی غلامی نہیں کرنے دے گا، ان کو آزاد لیڈر نہیں شہبازشریف جیسے بوٹ پالش کرنے والے پسند ہیں۔یہ قوم غیرت مند ہے لا الہ الا اللہ انسان کو غیرت دیتا ہے، وہ کسی کے سامنے بھیک نہیں مانگتا، شہبازشریف مجھے جواب دو، 32سال سے آپ اقتدار میں ہو، لیکن 32سال سے بھیک مانگ رہے ہو، قوم غیرت مند ہے، لیکن آپ کو بھیک مانگتے شرم نہیں آتی، اگر غیرت ہوتی تو شریف اور زرداری خاندان 30سے چوری کیا پیسا واپس لاتے بھیک نہ مانگتے اور قوم کو ذلیل نہ کرتے۔کیا قوم کو بھکاری وزیراعظم چاہیے؟ کہتا میں سعودی عرب، ترکی اور یواے ای پیسے مانگنے گیا، ان کی کیا عزت رہ جاتی ہے؟ انہوں نے دھاندلی کے سارے ریکارڈ توڑ دینے ہیں، ان کو خبر مل گئی ہے کہ تمام 20 حلقوں میں تحریک انصاف جیت رہی ہے، قوم پی ٹی آئی ہے ساتھ کھڑی ہے، قوم لوٹوں کا بلے کے ساتھ پھینٹا دیکھنا چاہتی ہے۔نوجوانوں اتوار کو سب نے تیاری کرنی ہے، ایک ایک پولنگ اسٹیشن کا پہرہ دینا ہے، کیونکہ یہ دھاندلی کے بغیر نہیں جیت سکتے۔
انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کو کہتا ہوں رات لوگوں پر بڑا احسان کیا، پہلے ڈیزل فضل الرحمان کی قیمت بڑھا اب 35روپے کم کردی، جب ہم گئے تو تیل کی قیمت زیادہ تھی، آج عالمی منڈی میں کم ہوگئی ہے، پیٹرول150اور ڈیزل 144روپے لیٹر ہونی چاہیے، ہم نے آئی ایم ایف کے ساتھ گزارا کیا، ہم نے تیل اوپر نہیں جانے دیا، نواز شریف کا سارا ٹبر باہر بیٹھا ہوا ہے، صرف ریڈیو آکاش وانی کو یہاں چھوڑا ہوا ہے، وہ سچ بول ہی نہیں سکتی، اس کا بیٹا دس ارب کے گھر میں، لندن میں مہنگے محلات کی مالکہ مریم نواز ہے، آج تک ایک رسید نہیں دے سکے، افسوس ہے ہمارا انصاف کا نظام چھوٹے چوروں کو جیلوں میں ڈالتا بڑے چوروں کو نہیں پکڑتا، جب تک طاقتور کو قانون کے نیچے نہیں لاتے ملک ترقی نہیں کرسکتا، نبی پاک ﷺ نے 15سوسال پہلے فرمایا تھا کہ جو قوم بڑے چوروں کو نہیں پکڑتی وہ تباہ ہوجاتی ہے، آج دیکھ لیں، سری لنکا، افغانستان، لبنان بیروت وہاں لوگ غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے، ان کو چوروں کو اقتدار میں بٹھانے والوں کو تاریخ معاف نہیں کرے گی، فیصل آباد میں تین ماہ میں حالات ابتر ہیں، ہم نے ہیلتھ کارڈ، انصاف پروگرام، قرضے دیے، کسانوں اور غریبوں کیلئے سود کے بغیر قرضے دیے۔
کھیلوں کی گراؤنڈ میں ایک چیز سیکھی تھی آخری گیند تک مقابلہ کرنا ہے۔