اسلام آباد(یواین پی)امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن کے جلد دورہ پاکستان کا امکان ہے۔امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن کے دورہ پاکستان کا سفارتی سطح پر تاریخوں کا تعین کیا جارہے۔ امریکی وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی دعوت پر پاکستان آئیں گے،ذرائع کے مطابق امریکی وزیر خارجہ اپنے دورے میں پاکستانی سیاسی اور عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ ملاقاتوں میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، صحت، تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر گفتگو ہوگی۔ پاکستان کی انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت ہائی ٹیک انڈسٹری کو جدید بنانے میں امریکی تعاون پر بات ہو گی۔ان ملاقاتوں میں مسئلہ کشمیر سمیت علاقائی امن و استحکام کو درپیش چیلنجز کا احاطہ کیا جائے گا۔ افغانستان میں انسانی المیہ، امن و استحکام اور امدادی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔