نئی دہلی(یواین پی)بھارت کے صدارتی انتخابات میں قبائلی برادری سے تعلق رکھنے والی دروپدی مرمو نے میدان مار لیا، ملک کی 15 ویں صدر منتخب ہوگئیں۔بھارتی حکمراں و اتحادی جماعتوں کی امیدوار دروپدی مرمو کو 50 فیصد سے زائد ووٹ ملے۔مخالف امیدوار یشونت سنہا نے دروپدی مرمو کو انتخاب جیتنے پر مبارک باد پیش کی، انہوں نے کہا کہ امید ہے دروپدی بطور صدر آئین کی محافظ بن کر بلا خوف کام کریں گی۔واضح رہے کہ دروپدی مرمو قبائلی برادری سے تعلق رکھنے والی بھارت کی پہلی خاتون صدر ہیں۔بھارت میں 15ویں صدر کے انتخاب کے لیے دروپدی مرمو کا مقابلہ حزب اختلاف کے رہنما یشونت سنہا سے تھا، 44 سیاسی جماعتوں نے مرمو کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔موجودہ بھارتی صدر رام ناتھ کووند کی مدت 24 جولائی کو ختم ہو رہی ہے۔ بھارت کی نو منتخب صدر دروپدی مرمو کی حلف برداری 25 جولائی کو ہوگی۔