بنوں (یواین پی) حکومت مخالف سیاسی جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان کو گرفتار کرکے جیل میں ڈالا جائے۔جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بنوں میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی علاقوں میں جے یو آئی کے علما کی ٹارگٹ کلنگ ہورہی ہے، ہمیں بتایا جائے قاتل کون ہے، ورنہ قتل کی ذمہ داری ریاستی ادارے قبول کریں، دینی مدارس پر اداروں کا قبضہ ہے، مدارس کو دہشت گردی کا مرکز کہا جارہا ہے، اور پھر مدارس کے علما سے تعاون بھی لیا جارہاہے۔انہوں نے کہا کہ پریشان کن صورتحال ہے، ادارے ملک کو مذاق نہ بنائیں اور اس میں اپنی سیاست نہ کریں، کیا ریاست چاہتی ہے کہ ہمارے نوجوان جذبات میں آکر بندوق اٹھالیں، علما ساتھ نہ کھڑے ہوتے تو فوج ملک کو نہیں بچاسکتی تھی، اس کے باوجود ہمیں سزا دی جارہی ہے۔فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے اردگرد پاگل اور بے وقوف جمع ہیں جو ایک احمق کے پیچھے دوڑ رہے ہیں، جس کیخلاف جہاد ہونا چاہیے وہ کہتا ہے ہم جہاد کررہے ہیں، ہم آپ کیلیے زمین اتنی گرم کردیں گے کہ یوتھیو کے گرم تلوے اس پر نہیں رکھے جاسکیں گے، تمہاری چھوٹی چھوٹی تتلیوں کے پر اس گرمی کو گرداشت نہیں کرسکیں گے، عمران خان تم حد میں رہو۔ فضل الرحمان نے کہا کہ ہمیں پتہ ہے عمران خان کے پیچھے کونسی قوتیں ہیں، یہی فوج آپکو سپورٹ کر رہی تھی اور ہمیں اعتراض تھا، تب آپ کے نزدیک فوج اچھی تھی، آج جب جنرل نیوٹرل ہوگیا تو تم اسے جانور کہہ رہے ہو، ہم تمہارے آقاوں کو جانتے ہیں، یہ بھی تمہیں آقا نے پڑھایا ہے کہ مجھے گالی دیا کرو پاکستان میں یہی سیاست چلتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف غیر ضروری شرافت دکھا رہے ہیں، میں نے حکومت کو کہا ہے کہ عمران خان کو جیل میں ڈالا جائے، رانا ثنا کو حرکت میں لاو، کیوں فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ تاخیر کا شکار ہے۔