ہارون آباد(یواین پی)تاجر طبقے نے اقتصادی پالیسیوں کے اعتبار سے موجودہ حکومت کے پہلے سال کو تسلی بخش قرار دے دیا۔سروے میں اظہار خیال کرتے ہوئے ملک شاہد محمودنے کہا کہ اقتصادی ترقی کے اعتبار سے سابقہ حکومت کی کارکردگی مایوس کن تھی تاہم موجودہ حکومت کے اقدامات سے سرمایہ کاروں ،تاجروں اور صنعتکاروں میں امید پیدا ہوئی ہے کہ حکومت آنیوالے سالوں میں اقتصادی معاملات مزید بہتر بنانے میں کامیاب ہوگی صنعتکار افضل غوری نے کہا کہ موجودہ حکومت کی اقتصادی پالیسیاں کامیاب رہی ہیں کیونکہ روپے کی قدر میں تقریبا10سے 12فیصد اضافہ ہوا ہے بڑے پیمانے پر اشیاء سازی میں بہتری آئی ہے اور لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں کمی آئی ہے ۔کاٹن جینر ملک محمد امجد غوری نے کہا کہ اگرچہ رواں برس بھی لوڈشیڈنگ کا جن بوتل میں بند ہوتا نظر نہیں آتالیکن حکومت نے جتنے منصوبے شروع کیے ہیں ان سے امید ہے کہ 2/3سا ل میں یہ مسئلہ حل ہوجائے گا تاجر رہنماء شہزاد اقبال نے کہا کہ پاکستان بانڈز کی کامیابی سے بھی ملک کی معیشت کو قابل ذکر سہارا ملے گا انجمن صرافاں کے سینئر لیڈر حاجی محمد زبیر کے مطابق او جی ڈی سی کے جی ڈی آرز کا اجراء اور ڈالر کی بے قدری جیسے عوامل ملک میں معاشی استحکام کی نشاندہی کرتے ہیں۔