ماسکو ۔۔۔ یوکرائن کے دو صوبوں میں ہونے والے ریفرنڈم میں 96 فیصد سے زائد لوگوں نے یوکرائن سے الگ ہونے اور آزاد ریاست کے حق میں ووٹ دیدیا ہے۔ پیر کو روسی خبر رساں ادارے آر آئی اے نے اپنی تازہ رپورٹ میں دعوی کیا ہے کہ یوکرائن کے مشرقی علاقوں کے دو صوبوں لوہانسک ریجن میں ریفرنڈم کرایا گیا۔ یہ ریفرنڈم اتوار 11 مئی کو ہوا جس کے ابتدائی نتائج کے مطابق 96.2 فیصد لوگوں نے مذکورہ ریجن کو آزاد ریاست بنانے کی حمایت کر دی ہے۔ جلد اس سلسلہ میں اقوام متحدہ کو اپیل کی جائے گی کہ لوہانسک ریجن کو آزاد ریاست تسلیم کیا جائے اور یہاں ان کا اپنا آئین اور اپنا قانون ہونا چاہئے۔ رپورٹ کے مطابق روسی حکومت نے ریفرنڈم کے نتائج کو انتہائی خوش آئند قرار دیا جبکہ مغربی ممالک اور یورپی یونین نے ریفرنڈم کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کر دیا ہے۔