اسلام آباد(یواین پی)وزیرِ خارجہ اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اس ملک کی جمہوری جماعتوں کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ ہمیں فل کورٹ چاہیے، 3 افراد اس ملک کی قسمت کا فیصلہ نہیں کر سکتے۔اسلام آباد میں حکمران اتحاد کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ 3 لوگ فیصلہ کریں کہ ملک جمہوریت کے مطابق چلے گا یا سلیکٹڈ کے تحت۔بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اس ملک میں جمہوری نظام چلے، ہمیں نظر آ رہا ہے کہ کچھ لوگوں کو یہ ہضم نہیں ہو رہا۔اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ کچھ طاقتیں اس ملک کو آمرانہ ون یونٹ بنانا چاہتی ہیں، آپ سے برداشت نہیں ہو رہا کہ عوام اپنے فیصلے خود کر رہے ہیں۔