غریب ملک کے یہ امیر ترین سیاستدان عوام کومخلوق خدا نہیں اپنی رعایا اور غلام سمجھتے ہیں۔میڈیا سے گفتگو
نارووال(یو این پی)پاکستان تحریک انصاف نارووال کے رہنمامیجر(ر) اسرارالحق نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ضمنی الیکشن میں عمران خان کے نظریہ اور موقف کو جیت حاصل ہوئی ہے عوام نے واضح کردیا ہے کہ انہیں امپورٹڈ حکومت قابل قبول نہیں، پنجاب نے عمران خان کے بیانیہ کو کامیاب کرواکر ملک دشمن قوتوں کو دفن کردیا ہے، 17 جولائی کا دن دعوؤں اور وعدوں کی سیاست کے خاتمہ کا دن ثابت ہوا ہے انہوں نے کہا ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کی واضح برتری پر پارٹی چیئرمین عمران خان اور فاتح پارٹی امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالی نے قوم کی دعائیں قبول کرلیں اور آخر کار حق اور سچ کی جیت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ ٹولے کا ملکی سیاست سے ہمیشہ کیلئے فارغ ہونے کا وقت آگیا ہے آئندہ کے سیاسی منظر نامے میں انکی کوئی جگہ نہیں، قوم کو بدحالی کا شکار کرنے والے اتحادی حکمران عوام کے عتاب سے بچ نہیں پائیں گے، عوامی رائے کو کوئی نہیں دبا سکتا قوم نئے انتخابات کا جلد انعقاد چاہتی ہے تاکہ وہ اپنے حقیقی نمائندے چن سکے اور ملکی ترقی و عوامی خوشحالی کا دور شروع ہوسکے، انہوں نے کہا کہ موجودہ امپورٹڈ حکمرانوں کی شہہ خرچیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں غریب ملک کے یہ امیر ترین سیاستدان عوام کومخلوق خدا نہیں اپنی رعایا اور غلام سمجھتے ہیں۔جن سے جینے کا حق بھی چھینا جارہا ہے، مسائل کی بھرمار نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے۔