کراچی (یواین پی) سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد آصف زرداری کی پاکستان واپسی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری بیرون ملک کے مختصر دورے کے بعد پاکستان واپس آ گئے ہیں۔ سابق صدر دبئی سے کراچی واپس پہنچے، جبکہ پی پی کے شریک چئیرمین نے لاہور میں ڈیرے جمانے کا فیصلہ کیا ہے، لاہور میں ان کی چوہدری شجاعت حسین سے کل اہم ملاقات بھی متوقع ہے۔اس سے قبل آصف زرداری کی بیرون ملک روانگی کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔ تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ دبئی میں ایک اور اہم شخصیت موجود ہیں، آصف زرداری کو نئے انتخابات کیلئے راضی کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔جبکہ آصف زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری نے بتایا تھا کہ ان کے والد اپنی سالگرہ نواسے کے ساتھ منانے کیلئے دبئی آئے ہیں۔