اوکاڑہ (یواین پی /شیخ ندیم شیراز)اوکاڑہ یونیورسٹی اور خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈانفارمیشن ٹیکنالوجی رحیم یار خان کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پہ دستخط کیے گئے جس کا مقصد چولستان کے صحرا میں جنگلی حیات کے تحفظ اور افزا ئش نسل کےلیے مل کر کام کیا جائے گا۔ اس معاہدے پہ اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد اور خواجہ فرید یونیورسٹی کے وی سی پروفیسر ڈاکٹر سلیمان طاہر نے دستخط کیے۔ معاہدے کی رو سے اوکاڑہ یونیورسٹی کا انسٹیٹیوٹ آف پیور اینڈ اپلائیڈزوالوجی اور خواجہ فرید یونیورسٹی کا ڈیپارٹمنٹ آف لائف سائنسز جنگلی حیات کے تحفظ کےلیے تعلیم اور تحقیق کے مختلف پہلووں میں اشتراک کریں گے۔ اس معاہدے کے مقاصد بیان کرتے ہوئے پروفیسر واجد نے بتایا کہ یہ اشتراک دونوں اداروں کو اپنی تحقیقی صلاحیتیں بڑھانے اور ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کا موقع فراہم کرے گا۔ تحقیق کے تبادلے سے اوکاڑہ یونیورسٹی کے اساتذہ اورطلباء جنگلی حیات کو درپیش حقیقی چیلنجز کو سمجھنے اور ان کو حل کرنے کے قابل ہو سکیں گے۔ پروفیسر سلیمان نے کہا کہ دو اداروں کے درمیان ہونے والے اس معاہدے سے سائنسی علوم کو تقویت ملے گی اور مشترکہ تحقیق کے تحت علاقائی ، قومی اور بین الاقوامی سطع پر جنگلی حیات کے تحفظ کےلیے کام کرنے میں آسانی پیدا ہو گی۔