لاہور (یواین پی) عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ خان سے بغاوت کا مطلب سیاسی تدفین ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق ڈپٹی اسپکر دوست مزاری کی شکست پر تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے دوست مزاری کیخلاف پنجاب اسمبلی میں شدید نعرے بازی کی ویڈیو ٹوئٹ کر دی۔ویڈیو میں تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کی جانب سے دوست مزاری کیخلاف شدید نعرے بازی کی جا رہی ہے۔جبکہ عثمان ڈار نے تحریک انصاف کے منحرف رہنماوں کیلئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خان سے بغاوت کا مطلب سیاسی تدفین ہے، پنجاب کے نتائج نے اسلام آباد کے لوٹوں کو پریشان کردیا ہے، آئندہ کی سیاست میں لوٹے ہوں گے اور نہ ہی لوٹے خریدنے والے ہوں گے۔ دوسری جانب ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے پر تحریک انصاف کے دیگر رہنماوں کا ردعمل بھی سامنے آیا۔