فیصل آباد (یو این پی)فیصل آباد سے ٹرانسفر ہونے والے ڈپٹی کمشنر لیفٹیننٹ (ر)سہیل اشرف نے کہا ہے کہ اپنے مختصرعرصہ تعیناتی کے دوران ضلع اور شہر کی خوبصورتی اجاگر کرنے اورشہریوں کو ریلیف کی فراہمی کے لئے مشنری جذبہ سے فرائض انجام دیئے اور الحمدوللہ فیصل آباد سے اچھی یادیں لیکر جارہا ہوں۔انہوں نے یہ بات مقامی کلب میں الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ڈویژنل کمشنرزاہد حسین،ٹرانسفر ہونے والے سٹی پولیس آفیسر سید علی ناصر،ایڈیشنل کمشنرریونیو طارق خاں نیازی،ایڈیشنل ڈی جی ایف ڈی اے عابد حسین،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرزاحمد حسن رانجھا،کاشف رضا اعوان،قیصر عباس رند،اسسٹنٹ کمشنرز عمر مقبول،صاحبزادہ محمدیوسف،فیصل سلطان،نعمان علی،احمدسعید منج،خاور بشیر،سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان،ایم ڈی واسا ابوبکر عمران،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ رانا طاہر،سیکرٹری آرٹی اے محمد سرور،ڈائریکٹر انفارمیشن محمداویس عابد،ایڈمن آفیسر ریاض حسین انجم،میونسپل آفیسر انفراسٹرکچر میٹروپولیٹن کارپوریشن محمد مسلم،کیئرٹیکر اقبال سٹیڈیم نوید نذیراور زیر تربیت افسران بھی موجود تھے۔اس موقع پر ٹرانسفر ہونے والے ڈپٹی کمشنر کو یادگاری شیلڈ اور تحائف بھی پیش کئے گئے۔فیصل آباد سے ٹرانسفر ہونے والے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ٹرانسفر و پوسٹنگ سرکاری ملازمت کا حصہ ہے لیکن فیصل آبادضلع میں 2 ماہ کے عرصہ تعیناتی کوملازمت کی زندگی کا سرمایہ سمجھتا ہوں اور ضلع کو مثالی بنانے کے لئے شب و روز محنت کی جس کا صلہ شہریوں کی طرف سے پذیرائی اور محبت کی صورت میں ملا۔انہوں نے کہا کہ ڈی سی آفس کی کارکردگی کے معیار کو بہتر سے بہتر بنانے کی ہمہ وقت کوشش رہی۔اس ضمن میں افسران و سٹاف نے ٹیم کی حیثیت سے اہم کردار ادا کیا جس سے شہریوں کی خدمت کے امور احسن انداز میں انجام دئیے گئے۔سہیل اشرف نے ضلعی افسران سے کہا کہ وہ سرکاری فرائض کی انجام دہی میں شفافیت کو ہمیشہ فوقیت دیں۔انہوں نے بتایا کہ شہر کی مین شاہرات پر سٹریٹ لائٹس کو فنکشنل،سینٹرمیڈینز کی تزئین وبحالی وشجرکاری،لین مارکنگ جیسے عوام دوست پراجیکٹس کو شروع کرکے برق رفتاری سے مکمل کرانے کے علاوہ ڈسٹرکٹ کلکٹر آفس کی تزئین وآرائش اور اسے فنکشنل کرایا۔انہوں نے بتایا کہ واسا سے متعلقہ عوامی مسائل کے لئے فیلڈ میں موجود رہ کر ان کی شکایات کا ہر ممکن حد تک ازالہ کرایا اور سیور کی پرانی چوک لائنوں کی درستگی،انڈرپاسز سے بارشی پانی کے بلاتاخیر اخراج کے لئے اقدامات کئے۔سہیل اشرف نے بتایا کہ پرانی سبزی منڈی کی 52 کنال سرکاری اراضی واگزار کرائی جس میں ضلعی پولیس نے بھرپور سپورٹ فراہم کی۔انہوں اپنے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد کرنے پرکمشنر سمیت ضلعی افسران کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ ڈینگی اور پولیو کے خلاف محکموں کے ساتھ مل کر بھرپور اقدامات کئے۔ڈویژنل کمشنرنے لیفٹیننٹ(ر) سہیل اشرف کو الوداع کرتے ہوئے کہا کہ ان کا عرصہ تعیناتی مثالی اور یادگار ہے۔انہوں نے ٹرانسفر ہونے والے ڈپٹی کمشنر کی انتظامی صلاحیتوں کی تعریف اور ان کے لئے مستقبل میں نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ سہیل اشرف نے مشکل سے مشکل اسائمنٹ کو بھی تحمل مزاجی اور ذمہ داری سے انجام دیکر صوبائی سطح پر ڈویژن اور ضلع کی نیک نامی میں اضافہ کیا۔ٹرانسفر ہونے والے سی پی او اور ڈویژنل وضلعی انتظامیہ کے افسران نے سہیل اشرف کو بہترین لیڈر قرار دیا۔اس موقع پر سہیل اشرف کی مزید ترقی،صحت اور درازی عمر کی دعا کی گئی۔