ٹھٹھہ کو باب الاسلام کا لقب بھی حاصل ہے۔ ڈپٹی کمشنر غضنفر علی قادری

Published on August 1, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 140)      No Comments

ٹھٹھہ (یواین پی/ حمید چنڈ): ڈپٹی کمشنر غضنفر علی قادری کی زیر صدارت دربار ہال مکلی میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینیجمنٹ کراچی کی جانب سے 34ویں مڈ کیریئر مینیجمنٹ کورس کے اندرون ملک مطالعتی دورے پر آئے ہوئےگریڈ 18 کے 45 افسران پر مشتمل وفد سے اجلاس منعقد ہوا۔ وفد کو ضلع ٹھٹھہ کی تاریخ، ثقافت، ترقیاتی منصوبوں، تعلیم، صحت و دیگر انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر غضنفر علی قادری نے بتایا کہ ٹھٹھہ سندھ کا قدیم اور پرامن ضلع ہونے کے ساتھ ماضی میں علم و ادب کا مرکز بھی رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹھٹھہ کی نہ صرف ہزاروں سال پرانی تاریخ بلکہ ماضی میں سندھ کی تختگاہ رہنے کے ساتھ اسلام کی ابتدا بھی یہیں سے ہوئی جس کے باعث ٹھٹھہ کو باب الاسلام کا لقب بھی حاصل ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے وفد کو مزید بتایا کہ ماضی میں ضلع ٹھٹھہ کے ساحلی علاقے کیٹی بندر، شاہ بندر اور دیبل جیسی بندر گاہیں کاروباری مراکز کے لحاظ سے اہمیت کے حامل رہے ہیں جبکہ یورپ اور ایشیا کے ممالک کا کاروبار بھی یہاں سے ہوتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں تاریخی مغل دور کی شاہجہان مسجد، دبگیر مسجد، سونڈا قبرستان، بھمبھور، کینجھر و ہالیجی جھیل اور قدیم مکلی قبرستان تاریخ کے انمول اور حیرت انگیز و دلچسپ مقامات موجود ہیں جبکہ ماضی میں تعلیمی اور مذہبی لحاظ سے یہاں کئی مدرسے اور یونیورسٹیاں بھی قائم تھیں، دنیا کے مختلف ممالک سے علم کے پیاسے یہاں آکر دینی اور دنیاوی تعلیم حاصل کرتے تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ٹھٹھہ عظیم بزرگ ہستیوں کا شہر ہے جہاں مخدوم محمد ہاشم ٹھٹھوی، شاہ مراد شیرازی، عبداللہ شاہ اصحابی، شاہ گوہر گنج، شاہ مسکین، شاہ کمال، ابراہیم شاہ، پیر پٹھو، جمیل شاہ داتار گرناری کے علاوہ جام نظام الدین سموں عرف جام نندو اور دولہ دریا خان، مائی مکلی و دیگر کئی مشہور و معروف ہستیوں کے تاریخی مقبرے بھی شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر غصنفر علی قادری نے مہمانوں کو ضلع میں ترقیاتی منصوبوں کے متعلق آگہی دیتے ہوئے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ضلع کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ عوام کو مطلوبہ بنیادی سہولیات فراہم ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں تعلیم کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اس ضمن میں سندھ حکومت کی منظوری سے یہاں آئی بی اے اور سندھ یونیورسٹی کیمپس جیسے ادارے بھی قائم کئے گئے ہیں، اس کے علاوہ صحت کے شعبہ میں بھی بہتری کیلئے ضلعی انتظامیہ کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹھٹھہ ضلع قدرتی وسائل سے مالا مال ہے یہاں سے قیمتی پتھر، پیٹرول اور گیس و دیگر معدنیات بھی دریافت ہوتی ہیں، اس کے علاوہ ونڈ کوریڈور بھی اس ضلع میں موجود ہے جوکہ 300 میگاواٹ بجلی پیدا کرکے قومی گرڈ اسٹیشن کو فراہم کرتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ٹھٹھہ پرامن ضلع ہے یہاں دہشتگردی، ٹارگیٹ کلنگ اور مذہبی فسادات کا کوئی بھی عنصر نہیں ہے۔ اس موقع پر وفد کی جانب سے ڈپٹی کمشنر سے مختلف امور پر سوالات کئے گئے جس پر ڈپٹی کمشنر نے تسلی بخش جوابات بھی دیئے۔ وفد نے بریفنگ اور تعاون پر ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کیا اور ادارے کی جانب سے شیلڈ بھی پیش کی جبکہ ڈپٹی کمشنر نے مہمانوں کو شیلڈ، سندھی ٹوپی اور اجرک کے تحائف پیش کئے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ریاض حسین لغاری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو ڈاکٹر راشد چنہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ قبل ازیں وفد نے مکلی قبرستان، شاہجہان مسجد و دیگر تاریخی مقامات کا دورا بھی کیا۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Weboy