یوم عاشور نہایت عظمت اور احترام کا حامل دن ہے؛ صدر مملکت عارف علوی

Published on August 9, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 50)      No Comments

اسلام آباد(یواین پی) صدر مملکت عارف علوی نے کہاہے کہ شہادت امام حسین ؓ ا مت مسلمہ کے لیے ایک عظیم درس ہے، ہمیں باہمی نفرتوں، کدورتوں اور گروہ بندیوں سے پرہیز کرنا ہے، اپنے دین، ملت اور ملک کے لیے عزم واستقلال کا استعارہ بن کر ہر قسم کی قربانی کیلئے خود کو تیار کرنا ہے، اگر ہم ایسا کرنے میں کامیاب ہو گئے تو دین ودنیا کی سربلندی اور کامرانی ہمارا مقدر ہو گی۔یوم عاشور 10 محرم الحرام 1444ھ/2022ء کے موقع پراپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہاکہ یوم عاشور نہایت عظمت اور احترام کا حامل دن ہے،اگرچہ اسلامی اور انسانی تاریخ کے متعدد عظیم واقعات اس سے جڑے ہیں تاہم امت مسلمہ کے نزدیک یوم عاشور کا مقام جس تاریخی واقعے کی نسبت سے بلند ترین ہے وہ عالی مقام امام حسین ؓ کی شہادت ہے۔اس دن نواسہ رسول مقبول ؐنے اپنے اہل بیت اور دیگر جانثار ساتھیوں کے ہمراہ بے سرو سامانی کے عالم میں ظلم و استبداد پر کار بند قوتوں کو للکارا تھا اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے دین اسلام کو حیات نو بخشی تھی۔انہوں نے کہاکہ آج اسلام انہی قربانیوں کی بنا پر زندہ ہے اوریہی قربانیاں اہل ایمان کے جذبات کو امتحان و ابتلاء کے لمحات میں جلا بخشتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شہادت امام حسین ؓ ا مت مسلمہ کے لیے ایک عظیم درس ہے۔ حضرت امام عالی مقام ؓ کی شہادت رہتی دنیا تک کیلئے عزم و استقلال کی علامت بن کر مسلمانان عالم کے دلوں کی دھڑکن بن گئی ہے،ہمیں آج ان کی شہادت کی یاد مناتے ہوئے اپنے اندر نظم و ضبط اور ایثار و قربانی کا جذبہ پیدا کرناہے اور باہمی نفرتوں، کدورتوں اور گروہ بندیوں سے پرہیز کرنا ہے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Blog