اسلام آباد: (یواین پی) ترجمان پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ شہبازگل کا بیان ذاتی نہیں بلکہ عمران نیازی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا بیانیہ ہے۔اپنے ایک بیان میں حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ شہبازگل کے بیان سے واضح ہوا کہ وہ ادارے کے سربراہ کے خلاف بغاوت پر اکسارہا ہے، یہ شہباز گل کا ذاتی بیان نہیں بلکہ عمران نیازی اور پی ٹی آئی کا بیانیہ ہے، عمران نیازی نے ہاتھ سے اقتدار جانے کے بعد ہمیشہ اداروں کی نیوٹریلٹی کو نشانے پر رکھاہے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف جھوٹاامریکی سازشی بیانیہ، دوسری جانب مبینہ امریکی شہری کوچیف آف سٹاپ بنانا، امریکا سے وفاداری کاحلف اٹھانے والا امریکی ملازم پاکستان اور پاک فوج کا وفادار نہیں ہوسکتا، فوج کی تباہی ملک 3 ٹکڑوں میں تقسیم اور ایٹمی ہتھیار غیر محفوظ جیسے بیانات ریکارڈ پر موجود ہے۔