اڈہ باریکا(یو این پی)معروف سیاسی و سماجی شخصیت رہنماء حاجی افضال احمد مہیس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقتدار کے بھوکے سیاستدان غریب عوام کی بھوک وافلاس ختم کرنے کے بھی اقدامات کریں۔ مہنگائی اور بیروزگاری کے باعث عوام خودکشیاں کرنے پر مجبورہیں جبکہ یہ ایک دوسرے کو نیچا دکھانے میں مصروف عمل ہیں۔ پچھلی کئی دہائیوں سے پاکستان کے روایتی سیاستدانوں غریب عوام کا مسیحا اور ان کے بنیادی مسائل حل کرنے کے جھوٹے اور بڑے بڑے دعوے کرکے عوامی حمایت حاصل کرکے اقتدار میں آتے رہے ہیں مگر اقتدار ملنے کی بعد ان کی ترجیحات صرف اور صرف اپنے اثاثے بنانا اور مخالف سیاستدانوں کو انتقامی کارروائیاں کرکے نیچا دکھانا ہوتا ہے۔اپنے اقتدار کو طول دینے کیلئے غریب عوام پر مہنگائی کے بم مشکل فیصلوں کی صورت میں بھی گراتے ہیں اور ہر سیاست دان مہنگائی کو پچھلی حکومت پر ڈال کر بری الذمہ ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے اور ظالمانہ ٹیکسوں کے بوجھ تلے دب کر دو وقت کی روٹی کھانے سے بھی عاجز ہو چکا ہے۔اس کے بعد بجلی و گیس کے بلوں میں بے جا اضافے نے عوام کی کمر توڑ دی ہے اور عوام خود کشیاں کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ ناجائز منافع خور مصنوعی مہنگائی کرکے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔موجودہ حکومت کو چاہئے کہ قرض مانگ کر ملک چلانے کی بجائے ایسی معاشی پالیسیاں بنائی جائیں جن سے کسی دوسرے ملک سے قرض نہ مانگنا پڑے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو اللہ کریم نے ہر چیز سے مالا مال کیا ہے مگر ہمارے سیاستدانوں کی نااہلیوں کے باعث پوری قوم کو بھکاری بنا کر رکھ دیا گیا ہے۔ اب عوا م مہنگائی، بھوک اور افلاس سے تنگ آچکے ہیں۔