فیصل آباد (یو این پی)مدینہ فاؤنڈیشن فیصل آبادکی طرف سے ڈسٹرکٹ جیل خانیوال میں قیدیوں کے طبی معائنہ کے لئے میڈیکل کیمپ کا انقعاد کیا گیا۔ میڈیکل کیمپ کے دوران مختلف بیماریوں کے ماہر ڈاکٹرز نے اسیروں کا چیک اپ کرکے انہیں طبی مشورے دیئے اور انہیں مفت ادوایات بھی فراہم کی گئیں۔اس موقع پر سپرٹنڈنٹ جیل طاہر مجید اور کوارڈینیٹر میڈیکل کمپ خالد محمودموجود تھے جبکہ ڈاکٹرز کی ٹیم میں فزیشن ڈاکٹر رفیق احمد،سرجن ڈاکٹر سعید اجمل،ماہرامراض جلد رمیزطارق، ماہرامراض چشم ڈاکٹر نعمان احمد، ماہرامراض معدہ ڈاکٹر فرحان فاروق اور فارمیسی کے ابرارحسین شامل تھے۔اس دوران اسیروں کو صحت برقرار رکھنے کے لئے ضروری تجاویز اور احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا گیا اور جیل میں صحت مند ماحول برقرار رکھنے کیلئے ضروری مشورے دیئے۔سپرٹنڈنٹ جیل نے مدینہ فاؤڈیشن فیصل آباد کے منتظمین کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ اسیروں کی صحت پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے تاہم ماہر ڈاکٹرز کی طرف سے ان کے طبی معائنہ کی یہ سہولت قابل ستائش ہے جس میں مریض اسیروں کو مفت ادوایات بھی فراہم کی گئی ہیں۔کوآرڈینیٹر میڈیکل کیمپ خالد محمود نے بتایا کہ مدینہ فاؤنڈیشن کے زیراہتمام پنجاب بھر کی جیلوں میں میڈیکل کمپس کے انعقاد کے لئے طے شدہ شیڈول پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔انہوں نے اسیروں کی فلاح و بہبود اور بھلائی کے لئے دیگر اقدامات سے آگاہ کرتے ہوے کہا کہ فلاحی اقدامات کا یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔