ٹھٹھہ (یواین پی / حمید چنڈ) ڈپٹی کمشنر غضنفر علی قادری نے کہا ہے کہ خطے میں رہنے والے تمام بچے مستقبل کے معمار ہیں انہیں پولیو جیسے موذی مرض سمیت مختلف امراض سے بچانے کیلئے تمام متعلقہ محمکوں کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئندہ انسداد پولیو مہم کے انتظامات اور محکمہ صحت و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کی تجاویز کا جائزہ لینے کے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ریاض حسین لغاری، ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد حنیف میمن، این اسٹاپ افسر ڈاکٹر راجیش کمار، ضلعی مینیجر یونیسیف اعجاز احمد جاکھرو، تعلیم، لوکل گورنمنٹ، اطلاعات و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور این جی اوز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر محمکمہ صحت، این جی اوز و دیگر متعلقہ افسران نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ اور تجویز دیتے ہوئے بتایا کہ آئندہ انسداد پولیو مہم جوکہ 22- اگست 2022ء سے شروع ہونا تھی، حالیہ بارشوں کے باعث دور دراز علاقوں میں پولیو ٹیموں کی رسائی میں دشواری اور بارش متاثرہ آبادیوں کی نقل مکانی سمیت لوکل گورنمنٹ الیکشن کے سبب مقررہ ٹارگیٹ حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنہ ہو سکتا ہے، انہوں نے ڈپٹی کمشنر سے گذارش کی کہ آئندہ انسداد پولیو مہم کی تاریخ میں تاخیر کی جائے تاکہ مقرر ٹارگیٹ حاصل کرکے مہم کو سو فیصد کامیاب بنایا جا سکے، جس پر ڈپٹی کمشنر نے آمادہ ہوتے ہوئے آئندہ انسداد پولیو مہم کا آغاز 5- ستمبر 2022ء سے کرنے کے احکامات جاری کئے۔