اسلام آباد (یواین پی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میں یہاں بیٹھا ہوں جس نے گرفتار کرنا ہے کرلے، بزدل حکومت ہے صرف فاشزم دکھا سکتی ہے، حقیقی آزادی کی تحریک سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔ میڈیا کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سیاسی صورتحال، پارٹی سربراہ عمران خان اور شہبازگل کے مقدمات سے متعلق مشاورت کی گئی۔پارلیمانی پارٹی نے اسمبلی میں واپسی کے آپشن کو ایک بار پھر مسترد کردیا ہے، پارلیمانی پارٹی نے فیصلہ کیا کہ اسمبلی میں کسی صورت واپس نہیں جائیں گے، نئے انتخابات کیلئے علاوہ کوئی آپشن قبول نہیں۔ اس موقع پر اجلاس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پارلیمانی پارٹی کو الیکشن کی تیاری کی ہدایات جاری کیں، انہوں نے کہا کہ امیدوار حلقوں میں جائیں اور لوگوں میں گھل مل جائیں۔عمران خان نے کہا کہ مذاکرات صرف الیکشن کے اعلان کے بعد ہوں گے، یہ بزدل حکومت ہے صرف فاشزم دکھا سکتی ہے، حقیقی آزادی کی تحریک سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔میں یہاں بیٹھا ہوں جس نے گرفتار کرنا ہے کرلے،یہ صرف لوگوں میں خوف پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ مزید برآں بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے مستعفی ارکان قومی اسمبلی،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان،وزیر اعلٰی پنجاب اور مونس الٰہی نے شرکت کی۔