اسلام آباد(یو این پی) پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن تب تک کامیاب نہیں ہو سکتا جب تک سیاسی عمل دخل ختم نہیں ہو گا۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کے حالات کی بہتری کے لئے اب تک کئی اجلاس ہو چکے ہیں، کراچی میں بے گناہ شہریوں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ بھارت میں نریندر مودی کی جماعت کو انتخابات میں کامیابی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کے حوالے سے یہ بات مشہور ہے کہ وہ مسلمانوں کے ساتھ سخت رویہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے باہر رہ کر اپوزیشن میں حالات کچھ اور ہوتے ہیں، جب حکومت میں کوئی پارٹی آتی ہے تو اسے قومی سطح پر چلنا ہوتا ہے کیونکہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی جماعتیں بھی موجود ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ نریندر مودی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید آگے بڑھائیں گے۔